بدعنوانی کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،سلام خان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سالار فا ؤ نڈ یشن اورسی پی ڈی آئی کے رہنماوں سلام خان، محب اللہ اورشاہ خالد نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے پاکستان کو موثر گورننس میکانزم،معلومات تک رسائی کے قوانینار مضبوط بلدیاتی حکومت کو نافذ کرنا چاہئے،شفافیت اور دیانت پر مبنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ قائم کرنے کیلئے ہمیں ملکر کام کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہرسال 9دسمبر کو عالمی یوم انسداد بدعنوانی منایا جاتا ہے اس سال کاموضوع ”نوجوانوں کے ساتھ بدعنوانی کے خلاف اتحاد،مستقبل کی دیانت کی تشکیل“ ہے جو بدعنوانی کے خاتمے اور دیانت کو فروغ دینے میں نوجوانوں کے کردارکو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کو چیلنجز کے ساتھ حالیہ بہتری بھی ملی ہے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن پرسیپشن انڈکس کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی 140سے بہتر ہوکر133ویں ہوگئی ہے اور سی پی آئی اسکور 27سے بڑھ کر 29ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف موثراقدامات کیلئے مختلف قوانین نافذ کئے گئے ہیں جن میں 1947کا انسداد بدعنوانی ایکٹ اورقومی احتساب آرڈیننس این اے او شامل ہے حالیہ ترامیم کے تحت قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کی مدت تین سال کردی گئی ہے اور نیب کی حدود کو ایسے مقدمات تک محدود کردیا گیا ہے جن میں بدعنوانی کی رقم 50کروڑ روپے سے زائد ہو،انسداد بدعنوانی کے قومی و صوبائی ادارے فعال ہیں جن میں پنجاب،سندھ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے انسداد بدعنوانی ادارے شامل ہیں جو اپنے متعلقہ قوانین کے تحت بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات اورعوامی اہلکاروں کی جوابدہی یقینی بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ ہماری اجتماعی زمہ داری ہے بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے ہمیں ملکرکام کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے