مدارس پر کوئی بیرونی سازش نہیں ہورہی،علامہ طاہر اشرفی
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وفاق المدارس 2019 میں وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ مدارس رجسٹریشن کا معاہدہ کرچکے۔
لاہور میں سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس کی پہلے بھی حفاظت کی ہے اور اب بھی کریں گے۔ مدارس پاکستان کی قوت ہیں، دین کی خدمت کررہے ہیں۔علامہ طاہر اشرفی کے مطابق اگست 2019 کا اتحاد تنظیمات مدارس اور حکومت کا معاہدہ موجود ہے، ہم خود مدارس کے سب سے بڑے محافظ ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس پر کوئی بیرونی سازش نہیں ہورہی، نہ کوئی کرسکتا ہے۔ مدارس کی چوکیداری کل بھی کی تھی آج بھی کریں گے۔
علامہ طاہر اشرفی کے مطابق مدارس کے لاکھوں طلبہ اور اساتذہ ہیں، کوئی چیز مسلط نہیں کی جاسکتی، مدارس معاملے پر تفصیلی مذاکرات ہوئے تھے۔اس موقع پر موجود سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ معاہدے پر تمام مدارس کے سربراہان کے دستخط موجود ہیں۔ اس معاہدے پر ہماری حکومت کے دوران عملدرآمد شروع ہوگیا تھا۔شفقت محمود معاہدے پر عملدرآمد کرنے کے لیے وزارت تعلیم نے رجسٹریشن شروع کی۔ میری اطلاع کے مطابق تقریباً 18ہزار مدارس کو رجسٹرڈ کیا گیا۔