اب دھونس دھمکی اور قبضہ گیری کی سیاست نہیں چلے گی،میرعلی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر اور ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان صوبائی مشیر صنعت و حرفت میر علی حسن زہری کی گوٹھ حاجی عثمان جمالی آمد۔ لوہی جمالی میں کھلی کچہری اور شمولیتی جلسہ میں بھوتانی کاررواں کے سرگرم اور اہم رہنماؤں کا میر علی حسن زہری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار باقاعدہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے۔اس موقع پر یونین کونسل کے وائس چیئرمین شفیع محمد جمالی سمیت جنرل کونسلر خادم حسن جمالی، کونسلر علی بخش اور گل حسن جمالی نے جلسہ عام میں میر علی حسن زہری سے ملاقات کی اورسینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔کھلی کچہری اور شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھوتانی برادران کی دھونس دھمکی اور قبضہ گیری کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ دریجی کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بھوتانی برادران کے ظلم و ستم اور عوام دشمن پالیسیوں سے انحراف کرتے ہوئے ہمارے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا۔ دریں اثناء میر علی حسن زہری لوہی جمالی میں کھلی کچہری اور شمولیتی جلسے میں شرکت کے لئے لوہی جمالی پہنچے تو معتبرین اور عوام نے شاندار استقبال کیا۔میر علی حسن زہری نے لوگوں کے مسائل سنے اور فوری حل طلب مسائل پر موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے کھلی کچہری اور شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کے لئے ایک نئی صبح روشن نمودار ہو چکی ہے اور چالیس سالہ تاریک دور ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے۔ اب کوئی آپ کی زمینوں پر قبضہ نہیں کر سکتا۔ اغواء اور دیگر جرائم میں ملوث عوام دشمن عناصر اب صرف اپنے گھر کی چار دیواری تک محدود ہو گئے ہیں۔ اب کسی مظلوم پر ظلم نہیں کر سکتا ہم اپنے عوام کے دفاع اور ان کے حق کے لئے کھڑے ہیں اور انشاء اللہ ہمارے ہوتے ہوئے کوئی عوام کو زور زبردستی اور دھونس دھمکی سے ورغلا نہیں سکتا۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ ضلع حب کے تمام علاقے اور یہاں بسنے والے لوگ ہمارے اپنے ہیں۔ آپ لوگوں نے جتنی عزت مجھے دی اس کے لئے آپ کا مشکور ہوں۔ میر علی حسن زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لئے بنیادی سہولیات سے لے بڑے عوامی منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ عوام کے بہتر مفاد میں ہم نے بہترین افسران کو مقرر کیا ہم نے ڈپٹی کمشنر ایک خاتون کو مقرر کیا اور اس خاتون نے تاریخ میں پہلی بار دریجی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے حکم پر آپ لوگوں کے درمیان آیا ہوں۔الیکشن سے قبل بھی آیا تھا آپ لوگوں نے جو عزت دی وہ بھول نہیں سکتا۔آپ سب میرے اپنے ہیں اور بلوچستان میں رہنے والے سب بلوچ ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ میں ایک عام آدمی ہوں کوئی میر معتبر نہیں اور میری دروازے سب کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ سردار رفیق احمد جمالی میرے لئے بڑے محترم ہیں اور ان کے ساتھ مل کر ترقی کا عمل تیز کریں گے۔انہوں نے کہا کہہم کام کرنے کی نیت سے آئے ہیں اور ہر بنیادی سہولت آپ کی دہلیز پر پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار ہوم سولر پینلز کی تقسیم اور دیگر مسائل کے حل کے لئے درخواستیں پیپلز پارٹی رابطہ دفتر میں جمع کرائیں انشاء اللہ بہت جلد آپ کے تمام مسائل پر عملدرآمد ہوگااور تمام علاقے تیز رفتار اور دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے