خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک

روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے 2 علیحدہ آپریشنز میں مجموعی طور پر 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن سراروغہ جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، آپریشن میں 2 خوارج بشمول خارجی رہنما خان محمد عرف کھورے ہلاک ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران 2 خوارج کو گرفتار بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک خارجی خان محمد عرف کھورے ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری سمیت دہشتگردی کی متعدد کاروائیوں میں ملوث تھا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت نے خان محمد عرف کھورے کے سر کی قیمت 10 لاکھ مقرر کر رکھی تھی۔

اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے