نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی ترجیح ہے،میرعلی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کا حل اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب و لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حب میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل سے حب کی تقدیر بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تکلیف ہماری اپنی تکلیف ہے عوام نے جس طرح ہم پر اور پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے ا س پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش جاری ہے اورعوامی مسائل حل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری کا مسئلہ زیادہ ہے اور عوام کو با عزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس کے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کئے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔حال ہی میں ہزاروں کی تعداد میں آسامیاں تشہیر کی گئی ہیں جن سے بلوچستان کے نوجوانوں میں بیروزگاری سے پھیلی مایوسی دور ہو رہی ہے۔ محکمہ انڈسٹریز میں بھی سینکڑوں آسامیوں کے ذریعے بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معاشی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں جو مثبت تبدیلی آئی ہے اس کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر وفد نے میر علی حسن زہری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حب کے عوام کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی منصوبوں کی منظور کرائی جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وفد نے میر علی حسن زہری کو یقین دلایا کہ حب کی ترقی و خوشحالی کے لئے نوجوان پیپلز پارٹی اور میر علی حسن زہری کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ عوامی حمایت کا جو قرض پیپلز پارٹی کے نمائندوں اور اتحادیوں پر ہے عوام کے دیرینہ مسائل حل کر کے ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں بنیادی سہولیات اور روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں اور اس کے لئے تیزی سے کام جاری ہے۔میر علی حسن زہری وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں ان وسائل کو ضائع کیا گیا اور ان سے استفادہ حاصل نہیں کیا جاسکا ان وسائل کو بہتر طور پر استعمال کر کے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کر کے انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت جیسے شعبوں میں درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلایا جاسکتا تھااس کے برعکس ان وسائل پر موجودہ حکومت نے بھرپور توجہ دی ہے اوردستیاب وسائل سے استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا کر لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔حب میں چالیس سالہ تاریک دور کے خاتمہ کے بعد جاری ترقیاتی کاموں نے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ حب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مزید فنڈز اور عوامی مفادات کے منصوبے منظور کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور عوام کی خدمت ہماری سیاست کا پہلا اصول ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان میں جاری بڑے منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے۔ بلوچستان ترقی کرے گا تو اس کا اثر یقینی طور پر پورے پاکستان پر ہوگا اس لئے بلوچستان کو نظر انداز کرنے کی بجائے صوبے کی دیرپا اور پائیدار ترقی کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان اور یہاں بسنے والے لوگ ملکی ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈال سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے