سمی دین بلوچ کا نام بلوچستان حکومت کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا،سندھ ہائیکورٹ میں جواب جمع
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)جنرل سیکریٹری وائس آف بلوچ مسنگ پرسنز سمی دین بلوچ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے معاملے پر امیگریشن اینڈ پاسپورٹس حکام نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر اپنا جواب جمع کرادیا ہے۔سمی دین کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹس حکام کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔
امیگریشن اینڈ پاسپورٹس حکام کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ 28 اگست کو بلوچستان حکومت کی سفارش پر سمی دین بلوچ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔جواب میں کہا گیا ہے کہ سمی دین بلوچ کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج ہے، سمی دین بلوچ ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا سے دلائل طلب کیے ہیں اور کیس کی سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ وائس آف بلوچ مسنگ پرسن کی جنرل سیکریٹری سمی دین بلوچ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔قبل ازیں، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ 8 ستمبر کو درخواست گزار اپنے اہلخانہ سے ملنے عمان جارہی تھی، ایف آئی اے حکام نے درخواست گزار کو ائیر پورٹ پر روک لیا اور اسے بیرون ملک نہیں جانے دیا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ ایف آئی اے حکام نے درخواست گزار کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے لیا تھا، ایف آئی اے نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا۔ درخواست گزار نے عدالت سے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دینے کی استدعا کی تھی۔