میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدن میں اضافے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،حمزہ شفقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آمدن میں اضافے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔جس سے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔میڑوپولیٹن کارپوریشن کا ہر ماہ 10 کروڑ روپے کا خرچہ ہے جبکہ آمدن پانچ کروڑ سے بھی کم ہے۔ اس سلسلے میں سروے کیا گیا تو پتہ چلا کہ ہماری بہت ساری دکانیں ہیں جو لاکھوں روپے میں ہونی چاہیے لیکن وہ 55 55 روپے میں دی گئی ہیں. بہت ساری پراپرٹیز اور پیٹرول پمپس ہیں جبکہ پیٹرول پمپ مہینے میں صرف دو ہزار روپے کے زائد کرایہ میں دیا گیا ہے جو کہ کوئٹہ کے شہریوں کے ساتھ ایک بڑی زیادتی ہے انہوں نے کہاکہ اس طرح شہر کا بہترین ریسٹورنٹ جوکہ مہینے میں صرف 6 ہزار روپے میں دیا گیا تھا جو کہ اب نیلام کر کے 10 لاکھ روپے میں دیا ہے جس سے آمدن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس طرح ہمارے پرانے ہوٹل، مارکیٹیں اور پارکنگز ہیں جن میں سے سال کا 50 سے 60 لاکھ روپے کماتے تھے اب ان کو نیلام کرنے کے بعد ساڑھے تین کروڑ روپیہ آمدن حاصل کررہے ہیں جبکہ انہیں جدید طرز پر تعمیر اور اخراجات بھی کر رہے ہیں ان اقدامات سے آہستہ آہستہ ایم سی کیو کی آمدن کو بڑھاتے جا رہے ہیں تاکہ اسی آمدن سے ہم شہر اور شہریوں کے لیے سٹریٹ لائٹس لگا سکیں، گٹر کے اوپر مین ہولز لگا سکیں،نالوں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر ہو سکے اور اس کے لیے ہمیں شہریوں سے اپیل بھی کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ اور شہری اور تاجر حضرات اپنا کچرہ ہماری نالوں میں پھینک رہے ہیں ان سے بھی اپیل ہے کہ وہ یہ کام مت کریں۔انہوں نے کہاکہ نکاسی آب کے نالوں میں کچرہ پھینکنے والوں کے خلاف فیصلہ ہوا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ان کو جرمانے کیے جائیں گے اس کے لیے ایم سی کیو کی ٹیمز کو بھی فعال کر رہے ہیں۔ ایم ٹی کی ٹیم اور صفائی کی ٹیمز کو وزیراعلی بلوچستان سے ان کو اختیار تفویض کروا رہے ہیں کہ یہ بھی روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ کریں کیونکہ شہر میں مجسٹریٹس کی کمی ہے تو ہم اس کمی کو اپنے سٹاف سیپورا کریں گے۔