کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش،موسم سرد ہوگیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ، زیارت، مستونگ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبد اللہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، سبی، بارکھان، لورالائی، چاغی،خاران، گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، قلات، خضداراورلسبیلہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران کوئٹہ اور, قلات میں 7ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں موسم سر د ہوگیا جبکہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں جان محمد روڈ، پرنس روڈ، جناح روڈ، انسکمب روڈ، امداد چوک، سریاب روڈ، نواں کلی میں بارشوں کا پانی سڑکوں پر بہتا رہا اور انتظامیہ کے اہلکار کہیں نظر نہیں آئے۔ کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے پشتون آباد اور مالی باغ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتہ کے روز صوبے کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ زیارت، پشین، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اورخضدار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔