فیک خبریں روکنے کیلئے محکمہ اطلاعات میں ایک مناسب میکانزم ہونا چاہئے،رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس چیئرمین رحمت صا لح بلوچ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ بلوچستان محمد نور کھیتران نے محکمے کی ذمہ داریوں، کاموں، اور چیلنجوں کے بارے میں بریفنگ دی۔کمیٹی میں ممبران مجلس ڈاکٹر محمد نواز کبزئی، سنجے کمار، صفیہ بی بی، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمن اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان محمد نور کھیتران نے شرکت کی ڈائریکٹر جنرل نے مجلس کو بتایا کہ صوبے میں 16 اضلاع میں اسوقت محکمہ اطلاعات کے دفاتر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ نے نوجوانوں کی دلچسپیوں کو فروغ دینے کے لیے ویلاگز بنانے کے پروگرام شروع کیے ہیں اور انہیں اعزازات دیے جا رہے ہیں۔چیئرمین کمیٹی رحمت صا لح بلوچ نے کہا کہ فیک خبریں روکنے کے لیے محکمہ میں ایک مناسب میکانزم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا کردار بہت اہم ہے اور وہ معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ میڈیا، خاص طور پر سوشل میڈیا، معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ لوگوں کو آگاہ کرنے، ان کی رائے کو تشکیل دینے، اور معاشرے میں تبدیلی لانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔چیئرمین رحمت صا لح بلوچ نے مزید کہا کہ میڈیا کے ذریعے ہمیں اپنے خیالات کو پھیلانے، اپنی آواز کو سنوانے، اور اپنے حقوق کے لیے لڑنے کا موقع ملتا ہے۔ میڈیا کی مدد سے ہم اپنے معاشرے کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ محکمے کی جانب سے اسوقت پریس کلبز اور پریس کونسل کو گرانٹس دی جاری ہیں۔صحافیوں اور ہاکرز کی فلاح و بہبود کیلئے ویلفیئر فنڈز قائم کئے گئے ہیں۔ محکمے نے اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسوقت رمزے روڈ پر موجود عمارت کو ڈی جی پی آر کے نام منتقل کرنامحکمہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ محکمے نے مجلس کو بتایا کہ پاکستان میں چین کے سفارت خانے کے تعاون سے ڈیجیٹل لیب قائم کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی آر انفارمیشن سیل کے ذریعے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو سوشل میڈیا پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔ڈی جی اطلاعات نے مجلس کو مزید بتایا کہ اشتہارات اور پبلسٹی کے فنڈز میں اضافہ، سافٹ ویئر کی ضرورت، ڈی جی پی آر میں انفارمیشن سیل ڈیٹا سینٹر کو فعال کرنا، ملازمین کے معاوضے میں پی آر الاؤنس شامل کرنا، اور ڈائریکٹوریٹ اور ڈویڑنل سطح پر رہائش کے مسائل درپیش ہیں۔ اجلاس کے آخر میں کمیٹی ممبران نے کہا کہ اجلاس کی تمام سفارشات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ کمیٹی کے اراکین نے محکمہ اطلاعات کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے