ضلع کرم بے امنی کی آگ میں جل رہا ہے،کے پی حکومت لاپتہ ہے،بلاول بھٹو
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کُرم میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع کُرم بے امنی کی آگ میں جل رہا ہے، خیبرپختونخوا حکومت لاپتہ ہے، 3 دنوں میں 80 شہری قتل ہو چکے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ضلع کُرم میں لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی، ضلع کُرم میں پی ٹی آئی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں امن یقینی بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔