پی ٹی آئی کے احتجاج پر دہشت گردی کا خطرہ ہے، نیکٹا نے الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی (نیکٹا) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں کل ہونے والے احتجاج پر دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نیکٹا کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا خطرہ ہے، دہشت گرد تنظیم کے ممبران پاکستان کے بڑے شہروں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، حملے کی غرض سے کئی حملہ آور پہلے سے ہی پاک-افغان سرحد پار کر چکے ہیں، حملہ آور 19 اور 20 نومبر کی رات مختلف شہروں میں داخل ہوئے۔
نیکٹا نے صوبائی حکومتوں کو فوری سخت اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے جلسے جلوسوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج پر بھی حملہ ہو سکتا ہے۔