میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور پرائیویٹ کمپنی کے درمیان طے پانے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ معاہدے کو منظرعام پر لایا جائے،در محمد لانگو،شمس اللہ کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بیوگا بلوچستان اوربلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے چیئرمین درمحمدلانگو،وائس چیئرمین شمس اللہ کاکڑ،آرگنائزر شکر خان رئیسانی اور ندیم کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور پرائیویٹ کمپنی کے درمیان طے پانے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ معاہدے کو منظرعام پر لایا جائے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے خلاف انتقامی فوری طور پر بند کی جائیں،الائنس میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جائیدادوں کو کوڑیوں کے داموں فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا بیوگابلوچستان اور بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کا مشترکہ اجلاس15نومبرکو طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بیوگا بلوچستان میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے گرینڈ الائنس کے صدر اور کابینہ کے ساتھ ناروا رویئے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے گرینڈ الائنس کے صدراور کابینہ کے گھروں پر غیرقانونی پولیس کی جانب سے کارروائی کرائی جس سے چادر اورچاردیواری کا تقدس پامال ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایمپلائز ورکرز گرینڈ الائنس کی جانب سے ایڈمنسٹر و کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی طلب کرنے پر انتقامی کارروائیو ں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جسے ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کی اربوں روپے کی مشینری ٹھیکیدار کے حوالے کردی ہے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اربوں روپے کے اثاثوں کو ٹھیکیدار کے ہاتھوں میں دیدیا گیا ہے اور مخصوص لابی کے ساتھ خفیہ میٹنگ کی جاتی ہے اور آئے روز رات کے اندھیرے میں ان لوگوں کے اختیارات کو وسیع کیا جارہا ہے جن کے پاس عرصہ دراز سے چار،چار برانچوں کے اختیارات ہیں بلکہ پانچویں برانچ کا اختیار بھی انکو دیدیا گیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاء کو انکروچمنٹ سیل کا انچارج بنادیا گیا ہے ہمارا مطالبہ تھا کہ نقشہ برانچ، برتھ برانچ، لائسنس برانچ،ٹیکس برانچ،اسٹیٹ برنچ، انجینئرنگ برانچ سمیت جن آفیسروں نے کروڑوں روپے خوردبرد کئے ہیں انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منجمنٹ کمپنی اورادارے کے درمیان ہونے والے معاہدے کو منظرعام پرلایا جائے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مستقل اور عارضی ملازمین کے مستقبل کومحفوظ بنایا جائے تمام مستقل ملازمین کو ٹھیکیداری نظام کے تابع نہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ میٹرپولیٹن کارپوریشن کو 2017ء سے 2024ء تک کا بجٹ فراہم کیا جائے اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت کی جائے اورعارضی ملازمین کی تنخواہیں حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 37ہزار روپے کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے صدر اور سینئر نائب صدر کی معطلی فوری طور پر ختم کی جائے اور عرصہ دراز سے برانچوں میں بیٹھے آفیسروں کو ٹرانسفرکیا جائے۔