ایرانی فورسز کی صوبے سیستان بلوچستان میں کارروائی، 8عسکریت پسند ہلاک
تہران(ڈیلی گرین گوادر)ایرانی فورسز نے شورش زدہ جنوب مشرق صوبے سیستان بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے 8عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے گزشتہ ماہ ایک پولیس اسٹیشن پر مہلک حملے کے بعد یہ کارروائی کی ہے۔ایرانی سرکاری میڈیانے پاسداران انقلاب کے کمانڈر احمد شفاہی کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ صوبے میں آپریشن کے دوران کل8دہشت گرد مارے گئے۔ بتایاگیا کہ تفتان حملے میں ملوث اہم دہشت گرد سمیت 14کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔پیر کو دیر رات گئے ارنا نے فوجی کمانڈر محمد پاکپور کے حوالے سے بتایا کہ جن عسکریت پسندوں نے 26 اکتوبر کو حملہ کیا، وہ ایرانی نہیں تھے، تاہم ان کی قومیتوں کی وضاحت نہیں کی۔