ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،زرک خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے بلخصوص کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت مضبوط اور مستحکم ہے۔ یہ بات انہوں نے لیاقت بازار،میکانگی روڈ،آرٹ اسکو ل روڈ، عبدالستار روڈاور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ای اینڈ ایم کے ایکسیئن محمد انور،صلاح الدین کبزئی،صابر راجپوت،ضمیر یوسفزئی،ذیشان،وحید گرگناڑی،ایس ڈی خالد،ایس ڈی او اعجاز،سب انجینئر بلال، سپروائزر عبدالحق بھی موجود تھے۔زرک خان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے وسطی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے کام شرو ع کردئیے گئے ہیں کوئٹہ کے عوام کے دیرینہ مسئلہ سڑکوں کی ابتر حالت ہے جو آنے والے چند روز میں حل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مطالبے پر ترقیاتی کاموں کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے لیاقت بازار، عبدالستار روڈ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا ہے یہاں پر ترقیاتی کاموں کا معیار اطمینا ن بخش ہے عوام بھی ترقیاتی کاموں کے معیار پر نظر رکھیں جہاں ضرورت محسوس کی خود جا کر معیار کا جائز ہ لونگا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کے لئے منتخب کیا ہے دن ہو یا رات عوام کے لئے ہمہ وقت موجود رہونگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے لئے سکلز پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہر نوجوان ماہانہ 50سے 60ہزار روپے کما سکتا ہے صوبائی حکومت میرٹ پر روزگار بھی فراہم کر رہی ہے مگر نوجوان اپنی توجہ ہنر حاصل کر کے خود مختار ہونے پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حلقے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سمیت جہاں ضرورت پڑی وہاں ان کے ساتھ کھڑا ہونگا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت بازار میں ٹریفک کی روانی اور سڑک پر گاڑیوں کی روانی رکھنے کے حوالے سے ایس ایس پی ٹریفک پولیس سے بات کرونگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے