ایگل سکواڈ کے ہاتھوں میر فیضان جتک کی شہادت قابل مذمت ہے: مولانا سید آغا محمود شاہ
کوئٹہ :جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا سید آغا محمود شاہ نے ایگل سکواڈ کے ہاتھوں میر فیضان جتک کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ناروا عمل کی تمام تر ذمہ داری نااہل صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے غیر تربیت یافتہ افراد کو شہر میں آزاد چھوڑا ہوا ہے اس حوالے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اعلی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر نوجوان فیضان جتک کے قتل میں ملوث اہلکار کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی قانون کے رکھوالے کے لباس میں جرم کا مرتکب نہ ہو انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قانون کے رکھوالوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ایک نہتے بے گناہ نواجون کو شہید کرکے قانون کی دھجیاں اوڑادی ہے جس کی جمعیت علماء اسلام بلوچستان شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے پورے صوبے میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کے متعلق قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کروں گا۔ انہوں نے آئی جی پولیس اور اعلی حکام سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ واقعہ کا فی الفور نوٹس لیں اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے سخت سے سخت سزا دے غم زدہ خاندان کو فوری طور پر انصاف فراہم کیاجائے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا سید آغا محمود شاہ نے شہید کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے دعا کی ہے۔