نادہندگان،بجلی چوروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،انجینئرشفقت علی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئرشفقت علی نے کہاہے کہ بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کو مزید تیز کیا جائے اورکیسکو کمپنی کومنافع بخش ادارہ بنانے اورعام صارفین کوبجلی کی مسلسل فراہمی کویقینی بنانے کیلئے مزیداقدامات اُٹھائے جائیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرزمیں منعقدہ آن لائن جائزاتی اجلاس کے دوران فیلڈآپریشن افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف انجینئر(آپریشن) شوکت علی جوگیزئی، چیف انجینئر(اواینڈایم)محمدہاشم جوگیزئی، ایڈیشنل چیف انجینئر(پی اینڈای) سید عبداللہ شاہ، ڈائریکٹرکمرشل منصور عمرمینگل کے علاوہ کیسکوکے متعلقہ سینئر افسران بھی موجودتھے جبکہ آن لائن اجلاس میں آپریشن سرکل کیسکوسینٹرل کوئٹہ، پشین،لورالائی، خضدار، سبی اور مکران آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹوانجینئرز نے شرکت کیں۔ آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئرشفقت علی نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کے زیر اہتمام صوبہ کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنوں کی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ پر کام جاری ہے لہٰذافیلڈآپریشن افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں سولرائزیشن کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد کیسکوکے برقی آلات،سامان اوردیگر میٹریل کواُتارنے کے لیئے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سولرائزیشن پر منتقل ہونے والے زرعی صارفین دوبارہ اپنے کنکشن کیسکو نیٹ ورک سے منسلک نہ کر سکیں۔کیسکوچیف نے کہاکہ تمام سرکاری اداروں میں بجلی کے نئے میٹروں کی تنصیب کے عمل کوبھی یقینی بنائیں تاکہ متعلقہ محکموں کو اُن کے استعمال شدہ بجلی کا بروقت اوردرست میٹرریڈنگ ممکن بنائی جاسکے۔انہوں نے فیلڈافسران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں بقایاجات کے حامل تمام نادہندہ صوبائی، وفاقی محکموں،گھریلو، تجارتی و صنعتی اور دیگر کو بجلی بلوں کی ادائیگی کے لئے نوٹس جاری کئے جائیں اورمقررہ وقت تک بقایاجات جمع نہ کرانے والے تمام نادہندہ صارفین کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کئے جائیں کیونکہ کیسکوکے پاس بلو ں کی وصولی سے حاصل ہونے والے رقوم کے علاوہ دیگر کوئی مالی وسائل نہیں ہوتے۔بجلی بلوں کی مدمیں صوبائی حکومت اور اسکے ذیلی محکموں کے ذمہ تقریباً40ارب روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں جبکہ وفاقی حکومت کے ذیلی محکموں پر بجلی بلوں کے تقریباً3ارب روپے کے بقایاجات واجب لاداہیں۔ کیسکوچیف نے فیلڈآپریشن افسران کو بجلی کے پرانے اورخراب میٹروں کی مختصر وقت میں تبدیل کرنے کی بھی ہدایات جاری کرنے کے علاوہ صارفین کو نئے کنکشن کے حصول کو بھی جلد ازجلد مکمل کریں۔ اسکے علاوہ تمام افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں بجلی کے ترقیاتی اور مرمت کے کاموں کے دوران لائن اسٹاف اورکارکنوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور حفاظتی اصولوں پر بھی سختی سے عمل درآمد کویقینی بنائیں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے بچاجاسکے۔ کیسکوچیف نے کہاکہ سرکاری، نیم سرکاری،نجی اداروں سمیت تمام نادہندگان سے بقایاجات وصولی کے اہداف کو پوراکرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے غیرقانونی لوڈہٹانے اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیاجائے نیز بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اُنکے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرزکے اندراج کو یقینی بنائیں۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکوصوبہ کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹندنگ انجینئرز، ایگزیکٹوانجینئرزاور ریونیو افسران کی جانب سے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق آن لائن بریفنگ دی گئی۔