ہمیں بین الاقوامی سطح پر عدم برداشت کی فضا کو ختم کرنا ہے،نسیم الرحمان خان ملاخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) 26اکتوبر: وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین ﷺ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کے لیے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے۔ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا گیا، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت ومحبت کی مکمل عکاس ہے۔ صوبائی مشیر نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان بلاینڈ ریلیف ایسوسی ایشن اور خدمت خلق فاونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ سیرت النبی کانفرنس کے شرکاء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں بلاینڈ ریلیف ایسوسی ایشن کے صدر نذیر احمد سمیت نابینا افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات رہتی دنیا تک انسانیت کو درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کے درمیان اتحاد کو سب سے زیادہ مقدم قرار دیا۔ صوبائی مشیر نے زور دیا کہ دوسری قوموں سے محبت کا رویہ اپنائیں اور معاشرے میں خلوص و محبت کی فضا کو عام کریں۔ ہمیں بین الاقوامی سطح پر عدم برداشت کی فضا کو ختم کرنا ہے۔ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا و آخرت کی نعمتوں کو سمیٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ انسانی قدریں اور انسانیت کے احترام کا درس دیا جائے۔ ہمیں دوسری قوموں کی سوچ میں تبدیلی لاکران کو اپنا مددگار بنانا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر عدم اعتماد کی فضا کو ختم کرنا ہے۔ عالمی سطح پر پروپیگنڈا مہم اور مسلمانوں کے مابین اپنے مستقبل کے بارے میں بے یقینی کو سیرت طیبہ کی روشنی میں ختم کرنا ہے، اسی میں ہماری فلاح و نجات ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ خصوصی افراد کی خدمت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمداری ہے اور ہمارا دین بھی اسکا درس دیتا ہے۔ موجودہ حکومت نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی اور نابینا افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں نابینا افراد کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کے لیے فوری طور پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفرازبگٹی سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کو ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات کی فراہمی اور دفتر ک کے لئے مناسب جگہ سمیت تمام درپیش مسائل کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھائیں جائیں ۔تقریب کے آخر میں صوبائی مشیر نسیم الرحمان خا۔ ملاخیل نے قوت بینائی سے محروم خواتین و حضرات میں سفید چھاڑیاں ،بوٹ و دیگر انعامات تقسیم کئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے