پولیو ویکسین کے دو قطرے پلا کر ہمیں اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ انسداد پولیو مہم کی پروگریس اور آنے والے مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور صوبائی حکومت پولیو کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور پولیو کا خاتمہ ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام، والدین، سول سوسائٹی اور میڈیا سے وابستہ افراد انسداد پولیو کی قومی مہم میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور ہم سب کو اس موذی وائرس کے خاتمے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے دو قطرے پلا کر ہمیں اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے بچے ہمارا مستقبل ہے اور ہم اپنے مستقبل کو تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو صحت مند پاکستان کے لئے کامیاب بنانا ہوگا اور پولیو مہم کی کامیابی کے لئے عوام ٹیموں سے بھرپور تعاون کرے۔ پولیو مہم میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے، کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی، پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس کی تدارک کے لیے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس مہم میں ہم نے ایک ایک بچے تک پہنچنا ہے اور قطرے پلانے ہیں اور انکاری والدین کو قائل کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ پورے معاشرے کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ چیف سیکرٹری کا مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کے تمام لیڈیز ہیلتھ ورکرز، لیڈیز ہیلتھ وزیٹرز کو تعینات کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر نوکری سے برخاست کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایوننگ ریویو میٹنگ میں حاضر ہونے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم بروز پیر 28 اکتوبر سے شروع ہو گی۔ 26 لاکھ 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔ تیاریاں مکمل ہیں۔ چمن, ڈیرہ بگٹی، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، جھل مگسی، ڑوب،قلعہ سیف اللہ اور خاران سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر عبداللہ خان، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ امین مندوخیل، صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق و دیگر جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے