بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مرحوم صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرار داد منظور

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مرحوم صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی قرار داد منظور، اسمبلی کی کاروائی سردار سرفراز ڈومکی کی وفات کے باعث ملتو ی کردی گئی۔ پیر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تجویز پیش کی کہ صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا تھا اسمبلی کی روایت ہے کہ جب کسی رکن کی وفات ہو جائے تو اس کے بعد اسمبلی کے اجلاس کی کاروائی کو ملتوی کردیا جاتا ہے جس پر اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے اسمبلی کی کاروائی ملتوی کرنے کی رولنگ دی۔ اس موقع پر قائد ایوان میر سرفرا ز بگٹی نے تحریک پیش کی کہ مرحوم سردار سرفراز ڈومکی کی وفات پر مشترکہ تعزیتی قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔جس پر صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے تعزیتی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان سردار سرفراز ڈومکی کو انکی گراں قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتا ہے ان کی وفات سے صوبے میں ایک بہت بڑاخلا پیدا ہوا ہے جسے پر کرنا نا ممکن ہے۔ بعدازاں ایوان نے قرار داد کو منظور کرلیا جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس بدھ کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے