حکومت بلوچستان نے ملازمین کی پروموشن اورنئی بھرتیوں کا اختیار آئی ایس آئی کو دے دیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلوچستان نے صوبے میں گریڈ 19یا اس سے زائد پر افسران کی ترقی، گریڈ 17کے نئے بھرتی ہونے والے افسران سمیت انتظامی سیکرٹریز، ضلعی اور ڈویژنل سطح پر تعیناتیوں کے لئے انٹر سروسز انٹیلی جنس کو خصوصی جانچ پڑتال اور سیکورٹی کلیئرنس ایجنسی قرار دے دیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد ڈائریکٹریٹ جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو بلوچستان میں جانچ پڑتال اور اسکریننگ کے لئے خصوصی ایجنسی قرار دے دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق صوبے میں 19گریڈ یا اس سے زائد پر ترقی کے لئے آئی ایس آئی کی ویریفیکیشن اور سیکورٹی کلیئرنس درکار ہوگی اس کے ساتھ ساتھ گریڈ 17کی آسامیوں پر بھرتی کے لئے بھی آئی ایس آئی کی ویریفیکیشن اور اسکریننگ چاہیے ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق مجاذ حکام صوبے میں انتظامی محکموں کے سیکرٹری، ڈویژنل کمشنر، اٹیچ محکموں کے سربراہان، ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے وقت بھی خصوصی ویریفیکیشن اور سیکورٹی کلیئرنس کروا سکیں جبکہ افسران کے کنڈکٹ سمیت شکایات کی صورت میں بھی خصوصی جانچ پڑتال ایجنسی سے رپورٹ حاصل کی جاسکے گی۔