ژوب سمیت ملک میں پولیو وائرس کے مزید دو کیسز رپورٹ، تعداد 28 ہوگئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع ژوب سمیت ملک میں پولیو وائرس کے مزید دو کیسز رپورٹ رواں سال پولیو سے معذوری کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد 28ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب سے ایک بچی اور خیبر پختونخواء کے ضلع ٹانک ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد رواں سال ملک میں پولیووائرس کے کیسز کی تعداد 28جبکہ بلوچستان میں 16ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں علاقوں کے لئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ رواں سال ضلع ژوب سے یہ پولیو وائرس کا دوسرا کیس ہے اس سے قبل جولائی میں بھی ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ژوب میں پولیو وائرس کے کیس کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے پولیو کیس کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر دائمی معذور کرنے والے موزی مرض پولیو کا خاتمہ کرنا ہوگا، پولیو کا ہر نیا تشخیص ہونے والا کیس باعث تکلیف و تشویش ہوتا ہے دنیا ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہی ہے اور ہم پولیو سے نجات حاصل نہیں کر پاررہے والدین اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو کے قطرے لازمی پلائیں، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ای او سی اور محکمہ صحت پولیو کی خصوصی مہم شروع کریں اور انسداد پولیو کی گھر گھر مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔