حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر امن کی شمع روشن کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
ژوب (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت، تمام سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر امن کی شمع روشن کریں گے۔
ژوب میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی مسائل کا پائیدار حل چاہتے ہیں، صوبے کے ہر ضلع میں جاکر عوامی مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لوں گا۔سرفراز بگٹی نے کہاکہ بحالی امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ قبائلی عمائدین اور عوام کا تعاون باعث ستائش ہے، عوامی مسائل کا احساس ہے، گورننس میں بہتری سے ہی محکمے متحرک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتظامی افسران اپنی تمام تر صلاحیتیں عوامی مسائل کے حل پر مرکوز رکھیں، مقامی مسائل مقامی سطح پر حل کیے جائیں، عوام کو لمبے چوڑے طریقہ کار میں انتظار نہ کرایا جائے۔اس موقع پر قبائلی عمائدین اور عوام نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، تو انہوں نے موقع پر احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کردیے، اور ان کے حکم پر کوئٹہ سے آج ہی ایمبولینس ضلع شیرانی روانہ کردی گئی۔ جبکہ وزیراعلیٰ کے احکامات پر پولیس کو آرمڈ وہیکل فراہم کردی گئی۔
سرفراز بگٹی نے ژوب ریذیشنل کالج میں تدریسی اسٹاف کی فوری تعیناتی کے احکامات جاری کیے، اس کے علاوہ خراسان میں مواصلاتی ٹاورز کی درستگی اور ژوب بائی پاس پر کام تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔عوامی شکایات پر وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنر کاکڑ خراسان اور تحصیلدار کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کے احکامات جاری کردیے۔