نیب اپنے دائرہ کار میں رہ کر مروجہ قوانین کے مطابق کام کرتا ہے،نعمان اسلم

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)یونیورسٹی لاء کالج کے طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایک گروپ نے 20 ستمبر 2024 کو قومی احتساب بیورو (بلوچستان) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ نیب بلوجستان کے اعلیٰ عہدیداران نے دورے کو جامع اور معلوماتی بنانے کی غرض سے طلباء ا ور دیگر معززین کا پُر تپاک استقبال کیا۔

طلباء نے نیب کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا جہاں انہیں نیب کے کام کی نوعیت اور طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ بعد آزاں ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران مجید نے آئے ہوئے طلبا ء کو کانفرنس روم میں تفصیلی بریفینگ دی ۔ انہوں نے کرپشن کی جامع انداز میں روک تھام کے لیے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی یعنی آگاہی ، روک تھام اور انفورسمنٹ کے بارے میں بتایا اور قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی کلیدی شقوں کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نعمان اسلم نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے قانون کے طلباء اور فیکلٹی کے سوالات کے جوابات دیئے۔ انہوں نے ایک اعلیٰ انسداد بدعنوانی ایجنسی کے طور پر نیب کے کردار پر زور دیا جو کہ مروجہ قوانین کے تحت پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے میگا کیسز اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اس کی روک تھام پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے معزز چیئرمین نیب کے وژن کو اجاگر کیا۔

تقریب میں سینئر فیکلٹی ممبر کو شیلڈ پیش کی گئی ۔ میزبان اور مہمانوں شرکاء نےتجربہ کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا۔یہ دورہ یونیورسٹی لاء کالج جیسے معزز اداروں کے ساتھ مشترکہ کوششوں کے ذریعے بدعنوانی کے خلاف آگاہی اور مجموعی سطح پر اس کی روک تھام کے لیے نیب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔اس کا مقصد مستقبل کے قانونی پیشہ ور افراد کے ساتھ مل کر دیانتداری اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دینا ہے تا کہ بدعنوانی کے خلاف پاکستان کی جنگ کو کامیاب کرایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے