بلوچستان سے اندرون صوبہ اور ملک بھر کیلئے ٹرین سروس مکمل طور پر بند،ریلوے کو روزانہ 15لاکھ روپے کا نقصان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشت گردی کے نتیجے میں دوزان پل کے گرنے کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس کو بند ہوئے چھ روز گذرگئے،، محکمہ ریلویز ابھی تک ٹرین سروس بحال نہ کرسکا سبی سے ہرنائی کیلئے ٹرین سروس ایک ماہ سے بند ہے،قلعہ عبداللہ کے علاقے شیلا با غ کی سرنگ میں برساتی پانی بھرنے کے باعث کوئٹہ چمن ٹرین سروس بھی معطل ہوگئی۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے اندرون کیلئے ٹرین سروس کی مچ سے بحالی کیلئے ریلوے نے محکمہ داخلہ بلوچستان اور ایف سی کو سیکورٹی کی فراہمی کا مراسلہ لکھا تھا لیکن چھ روز گذرنے کے باجود ابھی تک سیکورٹی دینے کا فیصلہ نہیں ہوا جبکہ محکمہ ریلویز بھی مسافروں کو مچ لے جانے کیلئے بسوں کا بندوبست بھی نہیں کرسکا ہے۔دوسری جانب محکمہ ریلویز کی جانب سے دوزان پل کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے، ڈی ایس ریلویز کوئٹہ نے پل کی تعمیر مکمل ہونے کیلئے ڈیڈھ ماہ کی ڈیڈلائن دی ہے بارشوں کے باعث سبی سے ہرنائی کیلئے ٹرین سروس 23جولائی سے بند ہے جبکہ قلعہ عبداللہ کے علاقے شیلا با غ کی سرنگ میں برساتی پانی بھرنے کے باعث کوئٹہ چمن ٹرین سروس بھی ہفتہ سے معطل ہوگئی ہے جس کی بحالی میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں ٹرینوں کی بند ش سے ریلوے کو روز انہ پندرہ لاکھ روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے