وزیراعظم کی زیر صدارت بلوچستان کی سیکیورٹی ودیگر امور سے متعلق عوامی نمائندگان کا اعلیٰ سطحی اجلاس

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بلوچستان کی سیکیورٹی اور دیگر امور سے متعلق تمام عوامی نمائندگان کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف سے سردار یعقوب خان ناصر اور سردار عبد الرحمان کھیتران، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے ظہور احمد بلیدی اور مینا بلوچ، نیشنل پارٹی کی طرف سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، رحمت صالح بلوچ اورمیر کبیر محمد، بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے خالد حسین مگسی اور صادق سنجرانی، عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے زمرک خان اچکزئی اور اصغر اچکزئی، جمعیت علماء اسلام کی طرف سے مولانا عبد الواسع اور یونس زہری اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبد الخالق ہزارہ نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے بلوچستان کے عوام مسائل کے بارے میں وزیراعظم کو مطلع کیا اجلاس میں بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے متاثرین کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور مزید معصوم جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے بروقت جواب دینے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔اجلاس میں معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا عزم کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے