گوادرمیں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کےلیے حکمت عملی تیار
گوادر (ڈیلی گرین گوادر)گوادر کے علاقے کلڈان میں مقامی آبادی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا۔
کھلی کچہری میں پاک فوج کے متعلقہ افسران سمیت اسسٹنٹ کمشنر گوادر ،تحصیلدار جیونی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں مقامی آبادی کو درپیش پینے کے پانی کے مسائل اور ان کے جلد سدباب کے حوالے سے حکمت عملی اختیار کی گئی۔مقامی آبادی کی جانب سے بیسک ہیلتھ یونٹ کلڈان میں میڈیکل سٹاف اور ادویات کی کمی کا بتایا گیا جس کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی۔
مقامی آبادی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ اور کئی علاقوں میں بجلی کی سہولت میسر نا ہونے کے حوالے سے بتایا گیا، جس کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اہل علاقہ نے سول انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر اور پاک فوج کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ، آئندہ مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔