ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کراچی کی ٹھیکیداری اب اُن کی نہیں رہی،ناصر حسین شاہ

کر اچی(ڈیلی گرین گوادر)سندھ کے وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے خالد مقبول صدیقی کا جناح ہسپتال سے متعلق بیان مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کراچی کی ٹھیکیداری اب اُن کی نہیں رہی۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تاجروں اور قربانی کی کھالوں کی شکل میں جو چندا ایم کیو ایم نے لیا اسے بھی یاد رکھیں آپ نے اسے کہاں خرچ کیا، جب کہ ہسپتالوں کا چندا تو عوام کی بہتری پر ہی خرچ ہورہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت سالانہ 30 ارب روپے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)، قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی)، قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ) پر خرچ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ تو پیپلزپارٹی کی حکومت کے ہر اچھے کام کے منکر ہیں لیکن کراچی ہمارے کام کو تسلیم کرتی ہے جب کہ جے پی ایم سی میں اگر مخیر حضرات چندہ دیتے ہیں تو یہ سندھ حکومت پر اُن کا اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ایم کیو ایم صرف و صرف بیان بازی پر توانائی خرچ کرتی ہے جب کہ ہم عوام کی خدمت پر توانائی اور پیسہ خرچ کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کا جناح ہسپتال سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے، ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کہ کراچی کی ٹھیکیداری اب اُن کی نہیں رہی، سوال یہ ہے کہ شہر کی رونقیں، ادبی محفلیں، تعلیمی سرگرمیاں کس نے چھینیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ کراچی کا امن، ترقیاتی کام ، ادبی محفلیں اور تعلیمی سرگرمیاں پیپلزپارٹی کی حکومت نے بحال کیں، کراچی اب نفرت، تنگ نظری اور مایوسی سے باہر نکل چکا ہے لہذا اب اسے پیچھے دھکیلنے کی کوئی کوشش نہ کی جائے۔واضح رہے کہ رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کا کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جناح ہسپتال پر سندھ حکومت کا ایک پیسہ خرچ نہیں ہورہا اور یہ ڈونرز کے پیسوں پر چل رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے