محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسشن نے کوئٹہ میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو ڈیجٹلائز کردیا
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسشن نے کوئٹہ میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو ڈیجٹلائز کردیا،اب شہری گھر بیٹھے اپنی جائیداد کا پراپرٹی ٹیکس معلوم کرکے ادائیگی کرسکتے ہیں محکمہ ایکسائز بلوچستان آئندہ ماہ صوبے کی گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس ختم کرکے اسمارٹ کارڈ متعارف کرانے بھی جارہا ہے۔سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسشن بلوچستان سید ظفر علی بخاری نے بتایا کہ کوئٹہ میں پراپرٹی ٹیکس کا نظام پرانے طرز طریقہ پر چلایا جارہاتھا جس کی وجہ سے شہریوں کو اپنے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا تھا وہاں اس ضمن میں بے قاعدگیاں بھی سامنے آتی تھیں جس پر حکومت بلوچستان نے پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو ڈیجٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا اس سلسلے میں کوئٹہ میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو ڈیجٹلائز کردیا گیا ہے جبکہ سبی سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں کے پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو جلد ڈیجٹلائز کردیا جائے گاسیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسشن بلوچستان نے بتایا کہ محکمہ صوبے کی گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس ختم کرکے اسمارٹ کارڈ متعارف کرارہا ہے اس ضمن میں نیشنل پرنٹنگ پریس معاہدہ ہوچکا ہے،، اسمارٹ کارڈ کی قیمت تقریبا پندرہ سو روپے ہوگی۔