وزیراعظم کی اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے، برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ کی ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس میں پر تپاک استقبال کیا اور اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔
اسرار خان کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے، پر امید ہوں کہ اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان یوں ہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔ پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا، جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت بھی دے دی۔ انہوں نے نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اسرار خان نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر طرح کی خدمات کے لیے تیار ہیں۔