پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کی کارحادثہ کیس میں ضمانت منظور
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد کی عدالت نے کارحادثہ کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کی کار حادثہ کیس میں ضمانت منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ فریقین کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ پیش کردیا گیا۔ عدالت نے فریقین کے درمیان صلح نامے کی بنیاد پر علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی۔ علی وزیر کی ضمانت کی درخواست پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عدنان یوسف نے سماعت کی۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی تھی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔علی وزیر کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں انہیں رواں ماہ کے آغاز پر گرفتار کیا گیا تھا۔