پاکستان کی طرف اٹھنے والی آنکھوں کو نوچ لیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کی طرف اٹھنے والی آنکھوں کو نوچ لیں گے۔

یوم استحصال کشمیر پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے آج کے دن غاصبانہ طور پر مقبوضہ کشمیر کے حقوق چھین لئے، مقبوضہ کشمیر میں غیرمقامی لوگوں کو جائیدادیں خریدنے کی غیرقانونی اجازت دی گئی، 5اگست کو بھارت نے آرٹیکل 370، 35 اے کو منسوخ کردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 77 سال گزرنے کے باوجود بھی وادی کشمیریوں کے خون سے سرخ ہے ایک دن آئے گا جب ہم سجدہ شکر ادا کریں گے، وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی حمایت جاری رکھے گا، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 5اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے، بھارت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتا، وہ دن جلد آئے گا جب بھارت اور اسرائیل کو اپنے مظالم کا جواب دینا پڑیگا، فلسطین میں دن رات شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے، اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائیں، امن کا راستہ ہی بہترین آپشن ہے، امن کا راستہ کشمیریوں اور فلسطین کو ان کا حق دینا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے