مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کو صیہیونی غاصبوں سے آزاد کرائیں،مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت فلسطین کی آزادی کے لیے جاری جدوجہد کو تقویت دے گی، مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرائیں۔
ترجمان جمعیت علما اسلام کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں اور اسماعیل ہنیہ شہید کے اہلخانہ سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی صورت فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے، جمعیت علما اسلام اور پوری پاکستانی قوم جدوجہد آزادی میں فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ حماس کے رہنما خالد مشعل سے ملاقات کی، اور پاکستانی عوام کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔