کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک اور صوبائی حکومت قیام امن میں ناکام ہوچکی ہے ثنا ء بلوچ
کوئٹہ :بی این پی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رپورٹر عبد الواحد رئیسانی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال تشویشنا ک ہوگئی ہے کوئی شہری محفوظ نہیں شہر کے اہم علاقوں میں بم دھماکے شہریوں کا قتل اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔شہریوں کوتحفظ دینے سمیت حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی۔دن دیہاڑے لوگوں کو سٹرکوں پر قتل کرکے ملزمان فرار ہوجاتے ہیں انتظامیہ ملزمان کو پکڑنے میں ناکام رہتی ہے۔شہر ی پہلے مہنگائی بے روزگاری اور پسماندگی کا شکار تھے مگر اب تو عدم تحفظ کا شکار ہوکر شدید خوف کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔صوبے کی دارالحکومت میں امن و امان کی یہ صورتحال ہے تو باقی صوبے کی امن کی صورتحا ل کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فورسز کی باری نفری شہر میں تعینا ت ہونے کے باوجود امن کی دگر گوں صورتحال لمہ فکریہ ہے۔بی این پی رہنماء نے رپورٹر واحد رئیسانی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شہر میں قیام امن کے لئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ۔