بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری،2 اگست سے شدید بارشوں کی پیشگوئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری، محکمہ موسمیات نے 2اگست سے نیا سلسلہ صوبے میں داخل ہونے کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق بدھ کو قلات، خضدار،چاغی،لسبیلہ،حب، آواران،گوادر، جیوانی، پسنی، کیچ، تربت،پنجگور، مکران، چاغی اورماڑہ اورگردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔صوبے میں سب سے زیادہ بارش قلات میں 40ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق حب میں حب ندی پر بنایاگیا متبادل راستہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کے بعد انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی انتظامیہ نے حب اور کراچی کے درمیان ٹریفک کو حب بائی پاس کی جانب روانہ کردیا جبکہ پانی کا بہاؤ کم ہونے کے بعد راستے کی بحالی کا کام شروع کیا جائے،دوسری جانب قلات میں بارش کے باعث قلات شہر، جوہان، نمر گ، چھپڑ کے علاقوں میں پانی داخل ہوگیا، قلعہ سیف اللہ میں کچھ رابطہ سڑکوں اور نسئی کے مقام پر ایک پل کو جزوی نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں کا ایک اور سلسلہ 2اگست کو شروع ہوگا جو 6اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے اس دوران خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، کیچ، قلات، کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں /جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے بارش کا امکان جبکہ بعض مقا مات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔نئے سلسلے کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔