ایچ آئی وی ایڈزکے مریضوں کو معاشرے میں حقارت کی نظرسے دیکھاجاتا ہے،ایڈز نیٹ ورک بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ایچ آئی وی ایڈز نیٹ ورک بلوچستان کے ارکان نے ایچ آئی وی ایڈزکے مریضوں کے ساتھ امتیازی سلوک کاخاتمہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مرض میں مبتلامریضوں کی دیکھ بھال اور علاج ومعالجہ کی راہ میں درپیش مسائل حل کئے جائیں۔یہ بات نیٹ ورک کی ارکان شازیہ، عنبرین، سلمیٰ، ضیا ء بلوچ، سلام خان، بلوچستان ایڈزکنٹرول پروگرام کے لاجسٹک کوارڈی نیٹرمحمدخان زہری، بہرام لہڑی ودیگرنے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈزکے مریضوں کو معاشرے میں حقارت کی نظرسے دیکھاجاتا ہے، غربت، پسماندہ کمیونٹی، ٹرانس جینڈرز، مہاجرین اورخاص طور پر کم آمدنی والے اور دیہی علاقوں میں ایچ آئی وی ٹیسٹ اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی میں رکاوٹیں ہیں۔ امتیازی سلوک اورغلط فہمیوں کی وجہ سے مریض ضروری علاج اوردیکھ بھال سے محروم رہ جاتے ہیں، علاج میں رکاوٹ اورادویات کانہ ہونا منشیات کے خلاف مزاحمت اوربیماری کے بڑھنے کا سبب ہیں، سپلائی چین منیجمنٹ کوبہتربناکرضروری وسائل، تشخصی ٹیسٹ اورطبی عملے کی ٹریننگ، اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی ادویات کی فراہمی، ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتربنایا، نچلی سطح پرغلط فہیوں کو دور کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایچ آئی وی کے نام پر امتیازی سلوک اور ہراساں کرنے کے روک تھام کے قوانین کونافذ علاج اور صحت کی دیکھ بھال کی سستی خدمات فراہم کرکے ایڈز میں مبتلا مریضوں کے وقار کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ایک سوال پر ہارڈبلوچستان کے ایگزیکٹیوڈائریکٹرضیاء بلوچ نے کہا کہ ان کی تنظیم حب اورکوئٹہ میں ایڈزسے بچاو کے حوالے سے آگاہی مہم چلارہی ہے اوراس ضمن میں تمام اعدادوشماربلوچستان ایڈزکنٹرول پروگرام کے ہیں۔