اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے،حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور (ڈیلی گرین گوادر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے، اسلام آباد جلاؤ گھیراؤ یا گولی کے لیے نہیں اپنا حق لینے جا رہے ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو ریلیف دیں اس سے پہلے کہ قوم بپھر جائے اور جانے کا راستہ بھی نہ ملے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھیں گے اور اٹھنے کی صرف ایک شرط ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں عوام سے اتحاد کر لیا ہے اور انہی سے مل کر دھرنا دیں گے، جبکہ اسلام آباد جلاؤ گھیراؤ یا گولی کے لیے نہیں اپنا حق لینے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ نئے الیکشن پر نئی ڈیل ہو اور وہ اربوں روپے الیکشن پر لگانا چاہتے ہیں، جب فارم 45 ہے تو کیوں الیکشن کروائیں، فراڈ کے نتیجے میں مخصوص اور خیراتی سیٹوں کو کیسے قبول کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف راضی نہیں ہوا اب تو اور گیس، بجلی کی قیمتیں بڑھائیں گے، گیس و بجلی کی قیمت تو بڑھا دی اب یہ سلسلہ نہیں رکے گا، آٹے چینی دال پر بھی ٹیکس لگا کر وزیر اعظم کہتے ہیں مہنگائی کم ہوگئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ ہمارا ملک ہے، فوج اور بیوروکریسی عوام سے ہوتے ہیں، ہمیں امپائر کی انگلی کا انتظار نہیں، سب اداروں کو تعاون کرنا ہوگا خواہ وہ اسلام آباد سے ہویا راولپنڈی ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے