گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی بس حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے ائیر پورٹ روڈ پر بیوٹمز یونیورسٹی کی چلتی بس سے دو طالب علم گر گئے۔پولیس کے مطابق گرنے والے طالب علموں میں سے ایک جاں بحق ہوگیا اور دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا بتانا ہے کہ بیوٹمز یونیورسٹی کی بس چھٹی کے بعد طالب علموں کو لے کر یونیورسٹی سے شہر کی جانب آرہی تھی کہ ائیرپورٹ روڈ پر دو طالب علم بس سے گرگئے جن میں ایک طالب علم علی اکبر ٹائرکے نیچے آنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا جب کہ دوسرے طالب علم بلال احمد کو زخمی حالت میں سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو کو گرفتار کرلیا اور بس قبضے میں لے لی۔طالب علموں کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ طالب علم ہونے کی وجہ سے دونوں طالب علم بس کے دروازے پر کھڑے تھے، جاں بحق طالب علم علی اکبر بیوٹمز سے بی ایس کے چھٹے سمیسٹر میں پڑھ کررہا تھا۔گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے آج بیوٹمز یونیورسٹی بس میں زیر تعلیم ایک اسٹوڈنٹ کے جان بحق جبکہ دوسرے اسٹوڈنٹ کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے تمام متعلقہ ذمہ داران کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے گورنر بلوچستان نے مذکورہ حادثے کے بارے میں متعلقہ حکام کو چوبیس گھنٹے کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی. گورنر بلوچستان نے اسٹوڈنٹس کے جان بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے