پی ٹی آئی کے قبائلی جرگے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کی قرارداد منظور

پشاور(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے قبائلی جرگے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور عمران خان کی رہائی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے قبائل سے تعلق رکھنے والے مشران اور معززین نے شرکت کی۔جرگے میں تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شریک تھی جبکہ تحفظ آئین پاکستان الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر مقررین نے جرگے سے خطاب کیا۔

جرگے میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں شرکا نے کثرت رائے سے مںظور کرلیا، خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا تھا کہ جرگے میں منظور کی گئی قرارداد کو ایوان اور صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مںظور کی گئی قرارداد کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر کے اس کی مںظوری لیں گے۔جرگے میں افغانستان کے ساتھ تجارت میں حائل رکاوٹیں اور پاک افغان سرحد پر جاری جرگوں سے بامقصد مذاکرات کی قرارداد پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔اس کے علاوہ آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی اور شرکا نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے قومی اور صوبائی اسمبلی میں بحث کی جائے، تمام سٹاک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

جرگے میں بانی چیرمین سمیت سیاسی مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کی قرارداد بھی مںظور ہوئی، اس کے علاوہ قدرتی وسائل میں مقامی آبادی کے حق کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی، جسے شرکا نے ہاتھ اٹھا کر منظور کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے