سی پیک ہماری لائف لائن،اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا،عطاء تارڑ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ سی پیک ہماری لائف لائن ہے اور اس کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا اور دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے 32 معاہدے ہوئے ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، ایک نام نہاد سیاسی رہنما نے پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کی کوشش کی، کاش نو مئی کرنے والے کبھی شہیدوں کا غم محسوس کر کے دیکھیں۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث تمام دہشتگردوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران وہ موضوعات بھی زیر بحث آئے جن پر پہلے کبھی بات نہیں ہوئی، چینی قیادت نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی، سی پیک کےمعاملات تیزی سے آگے بڑھیں گے، چین سے دوستی ہر پاکستانی کے خون میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائیں گے، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑیں گے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے، سیاسی اور بیرونی دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیاست ، اقتدار سمیت ساری چیزیں بعد میں پاکستان سب سے پہلے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 سے 2022 تک دوسرے ملکوں کو ناراض کیا گیا، سیاسی دشمن کبھی 1971 کی تو کبھی شیخ مجیب کی بات کرتے ہیں، کاش 9 مئی کرنے والے کبھی شہیدوں کا غم محسوس کر کے دیکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے