پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے ظلم و جبر کیخلاف ہمیشہ عوام کے حقوق کا دفاع کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو یہاں پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز سے ملاقات کی ان کے مسائل سنے وزیر اعلی نے صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے تشکیل دئیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے ظلم و جبر کے خلاف ہمیشہ عوام کے حقوق کا دفاع کیا ہے اس جدوجہد میں پارٹی کے قائدین سے لیکر عام کارکن تک شہداء کی بے پناہ قربانیاں ہیں بلوچستان کے صرف ایک ضلع ڈیرہ بگٹی کو ہی لے لیں جہاں سے ہم نے 370 لوگ گنوائے ہیں، پارٹی کا سرمایہ مزدور، کسان، ہاری اور عام ورکر ہیں، بلوچستان میں طویل عرصے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی یہ عزت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے نام کرتا ہوں تمام اضلاع کا دورہ کرکے مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لوں گا کارکن اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی بے لوث خدمت کرکے صوبائی حکومت کی نیک نامی کا باعث بنیں کسی کارکن سے ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی کسی بھی جگہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے تاہم اپنا حق بھی نہیں چھوڑیں گے صدر آصف علی زرداری اور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے مشن کے مطابق بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے ان کی مشاورت سے صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو اور مزید فعالیت کے لئے اقدامات اٹھائیں گے اور جمہوری عمل کو فروغ دیتے ہوئے پارٹی انتخابات کرائیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کی منتخب بلوچستان صوبائی حکومت نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق صوبے اور عوام کی ترقی کا واضح روڑ میپ مرتب کیا ہے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار فروغ تعلیم کے لئے بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے بلوچستان کے طالب علموں کے لئے آکسفورڈ سمیت دنیا کی 200 جامعات کے دروازے کھولے گئے ہیں سویلین شہداء کے بچوں، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے تعلیمی اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں پہلی ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہے پیپلز ائیر ایمبولینس عوام کے لئے مفت سروس ہوگی، دور دراز علاقوں سے سیریس مریضوں کو شہری اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا اور قیمتی انسانی جانیں بروقت طبی امداد دیکر بچائی جاسکیں گی وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز انڈومنٹ یوتھ پروگرام شروع کیا جاررہا ہے جس کے تحت اخوت کے تعاون سے گریجویٹس کو روزگار کے لئے بلا سود قرضے دیں گے نوجوان بزنس پلان لائیں تیکنیکی ماہرین کی مدد سے مجوزہ پلان کی نوک پلک درست کرکے رہنمائی اور وسائل فراہم کرکے جوانوں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کریں گے دور جدید کے تقاضوں اور عالمی مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان سے آئندہ دو سالوں میں 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا اور انہیں بیرون ملک روزگار کے لئے بھیجیں گے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی میں ہر سطح پر ڈسپلن کو قائم رکھتے ہوئے عہدے دار عام کارکن کے مسائل کے حل کیلئے رابطہ کاری کا موثر کردار ادا کریں، عہدیداروں سے مشاورتی نشستوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی سے توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں پارٹی کا ہر عہدے دار اور کارکن عوام کی بے لوث خدمت کے عمل میں پیش پیش رہے تاکہ عوامی مسائل حل ہوں اور پارٹی کی عوامی چاہت و طاقت میں اضافہ ہو اس موقع پر مختلف اضلاع کے عہدیداروں نے
وزیر اعلٰی بلوچستان کو علاقائی و عوامی مسائل سے آگاہ کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کا دورہ کرکے عوام اور پارٹی کے کارکنوں سے ملاقات کی جائے گی اور مسائل کے تدارک کیلئے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سمیت ڈویڑن و ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبے عوام اور پارٹی کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے