مسافر بس کو نذرآتش کرنا برادر اقوام کو آپس میں دست و گریبان کرنے کی گہری سازش ہے،میرذوالفقار لہڑی

کوئٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کونسل کے ممبر و ممتاز ٹرانسپورٹر میر ذوالفقار لہڑی نے مسلم باغ میں انتظامیہ کی تحویل میں مسافر بس کو جلانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث بڑے نواب سمیت دیگر تمام افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں میر ذوالفقارلہڑی نے کہا کہ گزشتہ روز مسلم باغ میں ْحادثے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے تحویل میں لی جانے والی بس کو پشتون قوم کے نواب نواب ایاز خان جوگیزئی کی موجودگی میں شرپسند عناصرکی جانب سے آگ لگاکر نذرآتش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بس کو انتظامیہ کی تحویل میں آگ لگانا کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں دکھ ہے اور ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواب کی موجودگی میں مسافر بس کو نذرآتش کرنا صوبے میں آباد برادر اقوام کو آپس میں دست و گریبان کرنے کی گہری سازش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بس کو جلانے والے شرپسند عناصرکے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے بصورت دیگر ٹرانسپورٹرز سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے