شیخ مجیب الرحمان ویڈیو اپ لوڈنگ معاملہ،ایف آئی اے نے مزید 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کرلیا

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد ایف آئی اے نے 3 اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔

ایف آئی اے نے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کو 3 اپریل کو دن 11 بجے انکوائری کے لیے بلا لیا ہے۔ایف آئی اے نے نوٹس بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی جس سے خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔متن میں درج ہے کہ اِس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اَور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے سقوط ڈھاکا سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔ جس کی بنیاد پر ایف آئی اے کی ٹیم جیل میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے پہنچی تھی تاہم انہوں نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے