گوادر،مسقط جانے کی غیر قانونی کوشش کے دوران 3 افراد ہلاک
گوادر(ڈیلی گرین گوادر)غیرقانونی طور پر مسقط جانے کی کوشش کرنے والے والے 3 افراد بلوچستان کے ضلع گوادر کے سمندر میں جان کی بازی ہار گئے۔
گوادر کے سمندر میں بھٹکنے والے افراد کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غیرقانونی طور پر مسقط جانے کی کوشش کے دوران کشتی خراب ہونے سے 20 افراد سمندر میں بھٹک گئے، جنہیں ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو کیا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ کشتی خراب ہونے کی وجہ سے یہ لوگ سمندر بھٹک گئے تھے، اور 20 دنوں سے یہ لوگ سمندر میں بھوکے اور پیاسے رہے، 3 افراد بھوک کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے، جب کہ مقامی ماہی گیروں نے بھٹکے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کشتی میں 20 افراد سوار تھے اور ان میں سے 5 افراد کی حالت بھوک اور پیاس کی وجہ سے انتہائی خراب ہے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ تمام افراد کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کیے جاسکتے ہیں لیکن ابھی تک ان کے خلاف کسی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا، البتہ تمام افراد مکمل تفتیش کے بعد ضروری کارروائی کیے جانے کے بعد چھوڑ دیا جائے گا۔