وزیراعظم نےغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری روکنے کے امور پر اسلام آباد میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔
وزارت توانائی نے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا نے بجلی چوری کم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیر اعظم نے علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کو سراہا۔
وزارت توانائی نے مزید کہا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، بجلی چوری روکنا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گرمی میں ریلیف دیا جائے۔