حکومت پی ٹی آئی کیخلاف فسطائیت جاری رکھے ہوئے ہے،اسد قیصر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)، سابق سپیکر قومی اسمبلی و مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے خلاف فسطائیت جاری رکھے ہوئے ہے۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے مرکزی دفتر میں توڑ پھوڑ کی، تجاوزات کے نام پر جھوٹ بولا گیا، میڈیا پر حکومتی وزراء آکر جو لب کشائی کر رہے ہیں یہ کھلا تضاد ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ تحریک انصاف کے دفتر کو توڑا جارہا ہے، تحریک انصاف کی لیڈر شپ اور ورکرز کو پابند سلاسل رکھا جا رہا ہے، یہ سارے حربے ناکام ہوتے جارہے ہیں، آپ تحریک انصاف کے خلاف جتنے کیسز کر رہے ہیں وہ الٹا آپ کے گلے پڑ رہے ہیں۔
سابق سپیکر نے کہا کہ اس قسم کے حربوں سے نہ ڈریں گے اور نہ پیچھے ہٹیں گے، آپ کی توجہ تو روزانہ ملک میں جو 12 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اس پر ہونی چاہئے، لوگ گرمی، بے روزگاری اور ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بلبلا رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پنجاب میں گندم سکینڈل ہوا، ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا، خیبر پختونخوا کی حکومت کو آپ دیوار سے لگا رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت نئے ٹیکسز لگائے جارہے ہیں، حکومت خود ملک کو عدم استحکام کی طرف لے کر جارہی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لیڈر بن چکا ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت پورے ملک میں جلسوں کا شیڈول دیں گے، بجٹ میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے، کسی بھی صورت نئے ٹیکسز کو قبول نہیں کریں گے۔