وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کا حکم
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام اضلاع میں انتظامیہ کو کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دیں۔
انکا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچنا چاہیے۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے اشیائے خور و نوش سمیت تمام دیگر اشیاء کے نرخ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کرائے کم کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازشریف نے لاہور میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک ٹرانسپورٹ کا 5 سالہ پلان طلب کر لیا۔انھوں نے لاہور میں پرپل اور بلیو لائن ٹرین کےلئے بہترین انٹرنیشنل کنسلٹنٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کو صوبے بھر میں 630 ایکو فرینڈلی بسوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ لاہور کےلیے 200 ایکو فرینڈلی ڈیزل ہائی برڈ بسیں لائی جارہی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور میں 100 الیکٹرک بسیں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلائی جائیں گی۔ ملتان کے لیے 100، راولپنڈی 78، بہاولپور 42 اور فیصل آباد میں 110 ایکو فرینڈلی بسیں لائی جارہی ہے۔