مارکیٹ کمیٹی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے ملازمین کو مستقل کیا جائے گا،صوبائی وزیر زراعت
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر زراعت حاجی میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے180سے زائد ملازمین کو مستقل کیا جائے گا،ہزار گنجی منڈی میں قائم تجاوزات کو فوری طور پر ختم اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،فروٹ وسبزی منڈی میں چھوٹے چھوٹے کیبن تعمیر کرکے ریڑھی والوں کو ماہانہ کرایے پردیئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے مارکیٹ کمیٹی ہزار گنجی کے دفتر میں بریفنگ کے بعد صحافیوں اور آل بلوچستان آڑھتیان فروٹ اینڈ ویجیٹبل کمیشن ایجنٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ سید عبدالستار نے صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک کو مارکیٹ کمیٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر حاجی رفوگل بڑیچ، ممتاز شاہ،جیئند اوردیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں بلوچستان کے کسان اپنے مطالبات کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے تھے وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت سے بات چیت کرکے کسانوں کے زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا اعلان کیا جس پر اربوں روپے خرچ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی میں گزشتہ 20سالوں سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 180سے زائد ملازمین کو فوری طور پر مستقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی فروٹ وسبزی منڈی میں تجاوزات کے خلاف فوری طور پر گرینڈ آپریشن کیا جائے اور کسی کوبھی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی میں چھوٹے چھوٹے کیبن تعمیر کرکے ریڑھی والوں کو ماہانہ کرایے پر دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کیلئے روزی روٹی پیدا کرسکیں۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو ہدایت کی کہ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تاجروں کو پانی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر ہزار گنجی فروٹ و سبزی منڈی میں ایک ٹیوب ویل کی تنصیب کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی منڈی میں سڑکوں اور سیوریج کے سسٹم کیلئے وہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے خصوصی فنڈز کی منظوری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو بھی چاہئے کہ وہ منڈی میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مارکیٹ کمیٹی کے ساتھ تعاون کریں اور کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے مخصوص جگہوں پر جمع کرائیں تاکہ وہاں سے اٹھاکر ٹھکانے لگایا جاسکے۔ اس موقع پر آل بلوچستان آڑھتیان فروٹ اینڈ ویجیٹبل کمیشن ایجنٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے صدر حاجی عبدالظاہربڑیچ جنرل سیکرٹری حاجی ظہورکاکڑ چیئرمین سیدرازمحمدآغا حاجی ہدایت اللہ بنگلزئی حاجی امان اللہ محمدحسنی نے صوبائی وزیر زراعت حاجی علی مدد جتک کو ہزار گنجی کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور صوبائی وزیر کی جانب سے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں صوبائی وزیرزراعت حاجی میر علی مدد جتک نے ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ سید عبدالستار اوردیگر کے ہمراہ فروٹ وسبزی منڈی کا دورہ کیا اور تاجروں سے ملاقاتیں کرکے مسائل معلوم کئے۔
