عوام کوسستا اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے،جسٹس ہاشم خان کاکڑ

تربت(ڈیلی گرین گو ادر)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ گزشتہ روز دو روزہ دورے پر تربت پہنچے۔ بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ تربت پہنچنے پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ اف آنر پیش کیا گیا چیف جسٹس کے ہمراہ بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان جناب جسٹس عبداللہ بلوچ،جناب جسٹس روزی خان بڑیچ اور ممبر انسپیکشن ٹیم و سیشن جج جناب پزیر احمد بلوچ ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان آصف ریکی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے اپنے دورہ تربت کے دوران معزز جج صاحبان کے ہمراہ بلوچستان ہائی کورٹ سرکٹ بینچ تربت میں مختلف دیوانی اور فوجداری مقدمات کی سماعت کی اور مختلف کیسز نمٹانے۔ چیف جسٹس جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے کیچ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات لانا اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے کورٹ کیسز فوری طور پر نمٹانا ان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اس حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ بار اور بینچ کا کردار کسی بھی ملک میں انصاف کی فوری فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ بار اور بینچ مل کر غریب عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے میں اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے ان کی خواہش ہے کہ مختلف لور کورٹس کی اپگریڈیشن کر دی جائے تاکہ سائلین کو فوری انصاف ان کی دہلیز پر میسر آ سکے-انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ تربت کے قانون کے شعبے کے طالب علم لاء کالج تربت میں تعلیم حاصل کرکے ملک کے کونے کونے میں اپنے علاقے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہاں کے فارغ التحصیل طالب علم مستقبل میں صوبہ کی مختلف کورٹس میں اعلیٰ عدالتی عہدوں پر فائز ہونگے۔ انہوں نے وکلاء کو موجودہ بار روم کی سولرائزیشن کے علاوہ ان کے لیے ایک نئے بار روم کی تعمیر میں مدد دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر رستم گچکی ایڈووکیٹ نے اپنی تقریر میں چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور وکلا کے مسائل سے آگاہ کیا،وکلاء کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے امید کا اظہار کی کہ چیف جسٹس کیچ بار کو درپیش مسائل حل کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔علاوہ ازیں جناب چیف جسٹس نے اپنے دورہ تربت کے موقع پر تربت یونیورسٹی کی لاء فیکلٹی کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد اور پرو وائس چانسلر منصور بلوچ نے وہاں پر انکا استقبال کیا۔ چیف جسٹس جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے لاء فیکلٹی کے کلاس رومز میں طلباء وطالبات کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے طلباء و طالبات کے ساتھ بات چیت بھی کی اور انکے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے انہیں ٹرانسپورٹ و بجلی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے تربت یونیورسٹی کی لاء فیکلٹی کی فیز 2 منصوبے کا معائنہ کیا اور پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ چیف جسٹس کو یونیورسٹی کے حکام کی جانب سے لا فیکلٹی کے معاملات کے حوالے سے بریفننگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو لاء فیکلٹی کے طلباء وطالبات کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی تلقین کی۔دورے کے آخر میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے تربت میں زیر تعمیر بلوچستان ہائی کورٹ کے ریگولر بینچ کی سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہیں متعلقہ اداروں کے چیف انجینئرز کی جانب سے بریفننگ بھی دی گئی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بلوچستان ہائی کورٹ ریگولر بینچ کی زیر تعمیر عمارت میں کام کے میعار کا خاص خیال رکھا جائے اور اس حوالے سے کوالٹی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکٹ بینچ تربت کی زیر تعمیر عمارت کو اپنے مقررہ وقت پر تکمیل کے لیے انتظامات کیے جائیں اور آگر منصوبے کے فنڈنگ کے حوالے سے کسی دقت کا سامنا ہے تو انہیں دستاویزات کے ساتھ آگاہ کریں تاکہ وہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ جاکر اس کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے