زمینداروں کے مسائل حل ہونے کے بجائے پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کے مسائل حل ہونے کے بجائے پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں، ملک میں جو کام نہیں کرتا اسے نوازاجاتا جبکہ جو کام کرتا انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ زمیندار کس سے مطالبہ کر رہے ہیں؟ اسمبلی میں بیٹھے لوگ عوامی نمائندے نہیں، نام نہاد اسمبلی تشکیل دینے کے لئے اربوں روپے خرچ ہوئے ہیں، حکمران قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں، صدر مملکت پہلے کراچی والوں کو پانی فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو دھوکے میں مت رکھا جائے، ریاست سے مطالبہ ہے کہ گیس کے چرائے ہوئے ایک ارب روپے واپس کئے جائیں، 20 ہزار ٹیوب ویل کو سولر پر منتقل کیا جائے، زمینداروں کو برباد کردیا گیا ہے، ایک دن کے اندر تمام مسائل حل کئے جائیں بصورت دیگر صوبے کو جام کرنے پر مجبور ہوں گے۔نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔