مولانا محمد صدیق مینگل کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے،بی یو جے
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا، جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جمعہ کو مظاہر سے خطاب کر تے ہوئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں صحافیوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے صحافیوں کے لئے قوانین جلد از جلد رائج کروانے چاہئے، بی یو جے نے خضدار پریس کلب کے صدر صدیق مینگل کے قتل کے واقعے کی مذمت کر تے ہوئے تین روز تک سوگ کا اعلان کر دیا ہے، بی یو جے کے صدر خلیل احمد کا کہنا تھا کہ تین دن تک صوبے کے تمام پریس کلبز پر سیا ہ جھنڈے لہرائے جائیں گے، مظاہر ے سے خطاب کر تے ہوئے سینئر صحا فی سلیم شاہد کا کہنا تھا کہ صحافت بذات خود ایک چیلنج ہے بلوچستان میں صحافیوں کی زندگیاں محفوظ نہیں خضدار پریس کلب کے صدر کو نشانہ بنانا آج کے دن شر پسندوں کی جانب سے سچ کی آواز کو دبانا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ شہید صحافی صدیق مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی مولانا محمد صدیق مینگل کی بم دھماکے میں شہادت اور حق اور سچ کی جنگ لڑنے والے صحافیوں پر قاتلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد نے اپنے ایک بیان میں خضدار پریس کلب کے صدر کے قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کے عالمی دن سینئر صحافی کا قتل حکومتی مشینری کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومت کے اپنی عوام کو تحفظ کے دعوے زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں۔ ملک میں آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ جس پر صحافی برادری ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور آئی جی پولیس واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔